ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور تعلقہ کے کوٹہ کا سب انسپکٹر استعفیٰ دے کر لاپتہ؛ اعلیٰ افسران پر ہراسانی کا الزم

کنداپور تعلقہ کے کوٹہ کا سب انسپکٹر استعفیٰ دے کر لاپتہ؛ اعلیٰ افسران پر ہراسانی کا الزم

Fri, 23 Sep 2016 14:12:46    S.O. News Service

کنداپور 23/ستمبر (ایس او نیوز)ریاست کے مختلف مقامات پر پولیس افسران اپنے اعلیٰ افسران پر ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے مستعفی ہونے، خود کشی کرنے اور تنازعات کھڑے کرنے کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

 تازہ ترین واقعہ کوٹہ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کبل راج کا ہے۔ جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس نے اڈپی ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر کے ٹی بالا کرشنا پر ہراسانی کے الزامات لگاتے ہوئے اسٹیشن ڈائری میں تفصیلی شکایت درج کی ہے۔ پھر اپنے استعفیٰ کے ساتھ اپنا سروس ریوالور اور دیگر دفتری اشیاء اسٹیشن میں رکھتے ہوئے وہاں سے لاپتہ ہوگیا ہے۔ مبینہ طور پر اس سے رابطے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔

بعض ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق ایس آئی کبل راج کے ایک زمین سے متعلق تنازعہ تھا۔اور تنازعہ میں ملوث ایک سیاسی پارٹی سے وابستہ فریق کے مفاد میں کام کرنے کے لئے کبل راج پر اعلیٰ افسرکا دباؤ تھا۔ بتایا جارہا ہےکہ اسی پس منظر میں ایس پی بالاکرشنا نے جمعرات کے دن صبح کے وقت کبل راج پر غصہ اتارا اور چلانے لگے۔ جس سے ایس آئی کبل راج کے دل کو بہت ٹھیس پہنچی اور اس کے بعد وہ اپنا استعفیٰ دے کر وہاں سے نکل گیا۔ تب سے اس کی تلاش کی جارہی ہے مگر تاحال اس کا کچھ اتہ پتہ نہیں چلا ہے۔ جبکہ مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ اسے تلاش کرنے کے لئے پولیس کی تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

اس معاملے پر جب ضلع ایس پی بالاکرشنا سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ مجھے اس بات کا پتہ چلا ہے کہ ایس آئی نے استعفیٰ دیا ہے، مگر استعفیٰ ابھی میرے پاس نہیں پہنچا ہے۔ ہم حقائق جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔


Share: